آئی جی سندھ کی پولیس ٹک ٹاکرز کے خلاف کارروائی کی ہدایت
انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس غلام نبی میمن نے پولیس قواعد و ضوابط اور معاشرتی آداب کو بالائے طاق رکھ کر ٹک ٹاک بنانے والے پولیس ملازمین کے خلاف سخت ایکشن کے احکامات جاری کردیئے۔
انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی، زونل ڈی آئی جیز و ایس ایس پیز کو جاری کئے گئے احکامات میں کہا ہےکہ بہیودہ، ذومعنی وائس اوور، پلے بیک سانگ اور بدلحاظی پر مشتمل ویڈیو بنانے اور اپ لوڈ کرنیوالے پولیس ٹک ٹاکرز کے خلاف فی الفور محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی ویڈیوز بناکر محکمہ پولیس فورس کی بدنامی کا باعث بننے والوں کی پولیس فورس میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔
آئی جی سندھ کے مطابق محکمہ پولیس ایک یونیفارم ڈسپلن فورس ہے پولیس وردی کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔
آئی جی کی جانب سے پولیس ٹک ٹاکرز کے خلاف کارروائی کے احکامات ایک ایسے وقت میں آئے ہیں جب کہ تین دن قبل ہی کراچی کی ایک لیڈی کانسٹیبل ماریہ گل کو دوران ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر معطل کیا گیا تھا۔