سندھ میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس ججز کی سیکیورٹی پر 2300 پولیس اہلکار مامور

سندھ بھر میں موجودہ اور ریٹائرڈ ججوں کیساتھ 2300 سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔

سندھ ٹرانسپیرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2016کے تحت پوچھے گئے سوالات کے جواب میں سندھ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صوبے بھر میں موجودہ اور ریٹائرڈ ججوں کے ساتھ 2373پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

سب سے زیادہ کراچی رینج میں 1265 پولیس اہلکار ججز کی سیکورٹی پر تعینات ہیں جن میں سیکورٹی ون کے 1177اور اسپیشل سیکورٹی یونٹ ( ایس ایس یو ) کے 88 پولیس اہلکار شامل ہیں۔

اسی طرح حیدر آباد رینج میں 462 پولیس اہلکار ججز کے ساتھ ڈیوٹی پر مامور ہیں جن میں ضلع حیدرآباد میں 292، ضلع دادو میں 35، ضلع جامشورو میں 28، ضلع مٹیاری میں 20، ضلع ٹنڈو الہہ یار میں 18، ضلع ٹنڈو محمد خان میں 15، ضلع سجاول میں 13، ضلع بدین میں 23 اور ضلع ٹھٹھہ میں 18 پولیس اہلکار شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق شہید بے نظیر آباد میں 145 پولیس اہلکار ججز کے ساتھ ڈیوٹی پر تعینات ہیں جن میں ضلع شہید بے نظیر آباد میں 41، ضلع نوشہرو فیروز میں 70 اور ضلع سانگھڑ میں 34 اہلکار شامل ہیں۔

اسی طرح میر پور خاص رینج میں ججز کے ساتھ 96 پولیس اہلکار تعینات ہیں جن میں ضلع میر پور خاص میں 59، ضلع عمر کوٹ میں 17اور ضلع تھرپارکر میں 20 پولیس اہلکار شامل ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ سکھر رینج میں 206 پولیس اہلکار ججز کے ساتھ سیکورٹی پر مامور ہیں جن میں ضلع سکھر میں 112، ضلع خیرپور میں 52اور ضلع گھوٹکی میں 42 پولیس اہلکار شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق لاڑکانہ رینج کے اضلاع میں 199 پولیس اہلکار ججز کے ساتھ ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔