سندھ اسمبلی سے کرنسی نوٹوں سے موہن جو دڑو کی تصاویر نہ ہٹانے کی قرارداد منظور

سندھ اسمبلی نے جمعرات کو ایم کیو ایم کے رکن راشد علی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سندھ کے تاریخی ورثے موہن جو دڑو کی تصویرکو پاکستانی کرنسی نوٹوں پر برقرار رکھا جائے اور اسے نہ ہٹایا جائے۔

ایوان کی کارروائی کے دوران پیپلز پارٹی کی خاتون رکن ہیر سوہو کی ایک تحریک التوا بحث کیلیے منظور کرلی گئی۔

ہیرسوہو کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ صوبے میں جو سولر پینل دے رہی ہے اس کے مالکانہ حقوق خواتین کودیے جائیں، ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ یہ اچھی تحریک ہے اسے بحث کیلیے مقرر کردیا جائے۔

ایوان کی کارروائی کے دوران ایم کیو ایم کے رکن راشد علی کی جانب سے ایک قرارداد پیش کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ موہن جو دڑو تاریخی ورثہ ہے موہن جو دڑو کو کرنسی پر برقرار رکھا جائے، وزیر پارلیمانی امور نے بھی اس قرارداد کی حمایت کی اور یہ قرارداد منظور کرلی گئی۔