وزیر اعلی کی سندھ حکومت کے تمام محکموں کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے کی ہدایات

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کے تمام محکموں کو ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ای آفس ایپ بنانے کا حکم دےدیا۔

وزیر اعلیٰ ہاوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کو کمپیوٹرائزڈ کرنے اور محکمہ انفارمیشن، سائنس و ٹیکنالوجی کو ای آفس ایپ بنانے کا حکم دےدیا۔

مذکورہ ایپ مختلف مراحل میں تمام محکموں میں رائج کی جائے گی تاکہ بچت، شفافیت اور سرکاری کاموں کی رفتار کو تیز کیا جاسکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سرکاری محکموں میں گورنمنٹ رولز آف بزنس 1986 کے تحت سرکاری کام کاج کےلیے مینوئل خط و کتابت کی جگہ کمپیوٹر کے ذریعے احکامات کا تبادلہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا منصوبہ ہے کہ سرکاری محکوموں میں ڈیجیٹل سسٹم یا ای آفس کے ذریعے کاغذی کام کو ختم کیا جائے پہلے مرحلے میں ہر محکمہ  اپنا کام ڈیجیٹل سسٹم پر کرے اور آہستہ آہستہ دوسرے محکموں کے ساتھ جڑ جائے۔

سیکریٹری انفارمیشن، سائنس و ٹیکنالوجی نو سموں نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ای آفس اپلیکیشن پہلے مرحلے میں نو محکموں میں رائج کی جائے گی ان میں محکمہ آئی ٹی، محکمہ برائے بحالی معذورین ،محکمہ اقلیتی امور، محکمہ سماجی بہبود، محکمہ بحالیات، محکمہ معدنیات و کان کنی، محکمہ بین الصوبائی رابطہ، محکمہ کالج تعلیم اور اسٹیوٹا میں شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے یہ ہدایات پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری رحیم شیخ، سیکریٹری آئی ٹی نور سموں، سیکریٹری سروس غلام علی برہمانی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔