شہدادکوٹ کے ایک ہی خاندان کے سات افراد کے دل دائیں جانب ہونے کا انکشاف

ضلع قمبر – شہدادکوٹ کے ایک ہی خاندان کے سات افراد کا دل بائیں کے بجائے دائیں جانب ہونے کا انکشاف سامنے آنے کے بعد ماہرین صحت بھی حیران ہوگئے۔

عام طور پر دنیا بھر کے لوگوں کا دل سینے میں بائیں جانب ہوتا ہے لیکن ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دنیا کی کل آبادی کے ایک فیصد لوگوں کا دل سینے میں دائیں جانب پایا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر کی آبادی کے ایک فیصد لوگ دائیں جانب دل رکھنے والے ہوتے ہیں تاہم کسی ایک ہی خاندان کے 6 افراد کا ایسے لوگوں میں شمار نئی بات ہے

ان افراد کا دعویٰ ہے کہ وہ دائیں جانب دل رکھنے والے سب سے بڑے خاندان کا ریکارڈ رکھتے ہیں اس لئے ان کے نام گنیز بک آف ورلڈ میں شامل کئے جائیں۔

شہدادکوٹ میونسپل کمیٹی کے سیلرا محلہ کے رہائشی خاندان کے سات افراد کا دل سینے کے دائیں جانب واقع ہے۔

گوٹھ سیلرا کے رہائشی 52 سالہ خدا بخش سیلرو ان کی بیوی 50 سالہ غلام النساء، ان کی بہن 60 سالہ فضا خاتوں 5 سالہ بچی صفیہ 27 سالہ بیٹے عرفان سیلرو 25 سالہ کامران سیلرو اور چار سالہ پوتے محمد حشر سیلرو کا دل سینے کے دائیں جانب واقع ہے۔

یہ حیران کن انکشاف اس وقت ہوا جب خدا بخش سیلرو کی زوجہ کو سینے میں تکلیف محسوس ہوئی تو ڈاکٹر نے جب اس کا معائنہ کیا تو یہ راز افشا ہوا کہ خاتون کا دل سینے میں دائیں جانب واقع ہے ۔

خاتون کے بعد جب ان کے شوہر کا معائنہ کرایا گیا توان کا دل بھی دائیں جانب پایا گیا۔

اس طرح اس کے پورے خاندان کے سات افراد کا دل دائیں جانب واقع ہونے کی ڈاکٹروں نے تصدیق کی۔