حیدرآباد کے بچے میں پولیو کی تصدیق، سندھ سے سامنے آنے والے کیسز 5 ہوگئے

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کے بچے میں پولیو کی تصدیق کردی گئی، جس کے بعد صوبے سے رواں برس سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد پانچ ہوگئی۔

ذرائع نیشنل ای او سی کے مطابق حیدرآباد میں ڈھائی سال کا بچہ پولیو سے متاثر ہوا ہے اور رواں سال حیدرآباد سے پولیو کے دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ایک ماہ قبل بھی حیدرآباد کی ایک بچی میں پولیو کی تشخیص ہوئی تھی۔

اس سے قبل کراچی اور میرپور خاص ڈویژن میں بھی ایک ایک پولیو کیس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں رواں پولیو وائرس سے5 بچے متاثر ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان سے 15، خیبرپختونخوا سے 2، پنجاب اور اسلام آباد سے ایک، ایک کیس سامنے آچکا ہے۔

ملک بھر سے رواں برس اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 24 ہوچکی۔