سندھ کے سیاحتی و تاریخی مقامات پر فلم، ڈرامے اور کمرشل شوٹنگ کی فیس میں کمی کردی گئی
حکومت سندھ نے سیاحتی مقامات پر فلم، ڈرامے، کمرشل وڈیوز، فوٹو گرافی اور برائیڈل شوٹنگ کی فیس میں بڑی کمی کردی۔
صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی ہدایت پر محکمہ ثقافت و سیاحت نے سیاحتی مقامات پر فلم، ڈرامے، کمرشل وڈیو، فوٹو گرافی، برائیڈل شوٹنگ کی سرکاری فیس میں بڑی کمی کردی۔
سیکرٹری کلچر کی جانب سے نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق موہن جودڑو لاڑکانہ اور مکلی پر فلم، ڈراما اور کمرشل ویڈیو بنانی کی فیس 2 لاکھ روپے سے کم کرکے 50 ہزار روپے کردی گئی۔
اسی طرح قائد اعظم ہاؤس میوزیم کی کمرشل فیس ایک لاکھ روپے سے کم کرکے فیس 30 ہزار روپے مقرر کردی گئی۔
اسی طرح مکھی ہاؤس میوزیم حیدرآباد، کوٹ ڈیجی قلعہ، نوکوٹ قلعہ کی فیس ایک لاکھ سے کم کرکے 30 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے جب کہ عمرکوٹ قلعہ و میوزیم، رانی کوٹ قلعہ، چوکنڈی قبرستان، بھنبھور قلعہ کی نئی فیس 30 ہزار روپے مقرر کردی گئی۔