سندھ حکومت کا بینظیر ہاری کارڈ کے اجرا کیلیے سندھ بینک سے معاہدہ طے پا گیا

صوبے بھر کے ہاریوں کو بینظیر ہاری کارڈ کے اجرا کے لیے سندھ حکومت اور سندھ بینک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔

وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر کے مطابق سندھ حکومت نے بینظیر ہاری کارڈ سندھ بینک کے ذریعے ہاریوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے سندھ بینک کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے اور بینظیر ہاری کارڈ کے اجرا کی افتتاحی تقریب عنقریب منعقد کی جائے گی۔

بینظیر ہاری کارڈ کے سلسلے میں وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش خان مہر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سیکریٹری زراعت رفیق احمد برڑو، پی ڈی سوات پروجیکٹ لیاقت علی بھٹو، ڈائریکٹر جنرلز، سندھ بینک کے نمائندے اوردیگر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں سندھ میں ہاریوں کو بینظیر ہاری کارڈ جاری کرنے سے متعلق صوبائی وزیر کو بریفنگ دی گئی۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر لیاقت علی بھٹو نے بریفنگ میں اجلاس کو بتایا کہ سندھ حکومت نے بینظیر ہاری کارڈ کے لیے 8 ارب روپے کی رقم رکھی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ سندھ میں پہلے مرحلے میں 2 لاکھ 98 ہزار رجسٹرڈ ہاریوں کو بینظیر ہاری کارڈ جاری کیے جائیں گے اور 25 ایکڑ تک زمین رکھنےوالے ہاریوں کو بینظیر ہاری کارڈ دیے جائیں گے۔

ان کے مطابق ہاری کارڈ میں باردانہ کی خریداری، بیج کھاد، یوریا، کیڑے مار ادویات پر سبسڈی اور قدرتی آفات کے وقت امداد مل سکے گی۔

سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ سندھ میں مزید 14 لاکھ ہاریوں کی رجسٹریشن بہت جلد شروع کی جائے گی، حکومت سندھ کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے ریلیف دے گی، انہوں نے کہا کہ سندھ بینک کو بینظیر ہاری کارڈ بنوانے کی اجازت دے دی ہے.