سندھ حکومت نے ہاری کارڈ متعارف کرادیا

پییپلز پارٹی (پی پی پی) کی صوبائی حکومت نے سندھ میں پہلی بار ہاری کارڈ متعارف کرادیا، جس کے تحت ساڑھے 12 ایکڑ زمین رکھنے والے ہاریوں کو فی ایکڑ دو ہزار روپے جب کہ 25 ایکڑ سے زائد زمین کے مالکان کو فی ایکڑ ایک ہزار روپے کی امداد مل سکے گی۔

صوبائی دارالحکومت کراچی میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے ہاری کارڈ کا اجرا کیا، تقریب میں وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ، فریال ٹالپر سمیت دیگر صوبائی وزرا بھی شامل ہے۔

تقریب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کچھ ہاریوں کو ہاری کارڈ بھی دیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ غریبوں کیلئے انقلابی کام کرتی ہے، ہم نے اس ملک کے غریب عوام کو حقوق دیئے، آواز دی، طاقت دی۔ ہم نے اس ملک کے مزدوروں، کسانوں اور ہاریوں کو حقوق دیئے اور انہیں زمین کا مالک بنایا۔

تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے ہاری کارڈ سے متعلق بتایا کہ اس وقت تک 15 لاکھ ہاری ہمارے پاس رجسٹرڈ ہیں، اس سال کے لیے 8 ارب روپے مختص کیے ہیں جبکہ سندھ بینک کے ذریعے بلا سود ہاریوں کو قرض دینے پر کام کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 25 ایکڑ سے زیادہ بڑے آبادگاروں کو بھی ہاری کارڈ دیا جائے گا، رجسٹرڈ کاشت کاروں میں 72 فیصد ایک سے ساڑھے 12 ایکڑ تک زمین کے مالکان ہیں، بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے کاشت کاروں کو فوری نقد امداد اور آسان شرائط پر قرضے ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معیاری بیجوں، کھاد اور گندم کی سرکاری خریداری میں کارڈ ہولڈرز کو ترجیح دی جائے گی، زرعی مشینری، سولر ٹیوب ویلز اور بھل صفائی میں مدد دی جائے گی، انتہائی چھوٹے، چھوٹے اور درمیانے زرعی کاروبار کےلیے قرضے کی سہولت دی جائے گی، فصلوں کی انشورنس ہوگی اور قدرتی آفات کی صورت میں ٹارگٹڈ امداد ملے گی۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بینظیر ہاری کارڈ کےلیے 14 لاکھ 4 ہزار 422 چھوٹے کاشتکاروں کی رجسٹریشن کی گئی ہے، رجسٹرڈ کاشتکاروں میں 72 فیصد ایک سے ساڑھے 12 ایکڑ تک زمین کے مالکان ہیں، بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو فوری نقد امداد اور نرم شرائط پر قرضے ملیں گے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ ساڑھے 12 ایکڑ والے کاشتکاروں کو ایک سے 2 ہزار روپے فی ایکڑ اور 25 ایکڑ سے زیادہ والے ہاریوں کو 500 سے 1000 روپے فی ایکڑ مالی امداد دی جائےگی، ہاری کارڈ تعلقہ سطح پر اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی جاری کرے گی۔