سندھ حکومت کا سرکاری ملازمتوں کے لیے نیا جاب پورٹل بنانے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے ایک بار پھر سرکاری ملازمتوں کے لیے نیا جاب پورٹل بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پورٹل کو تین ماہ کے اندر فعال کرنے کا عزم ظاہر کردیا۔

سندھ حکومت ماضی میں بھی آن لائن جاب پورٹلز متعارف کرانے کے اقدامات کرتی رہی ہے لیکن تاحال تمام فیصلے غیر سود مند ثابت ہوئے ہیں اور اب سندھ کابینہ نے نئے جاب پورٹل کی منظوری دیدی۔

سندھ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ اطلاعات و نشریات سندھ اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کے تعاون سے سندھ جاب پورٹل کے قیام کی منظوری دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جاب پورٹل سے صوبائی حکومت کی بھرتی کے عمل کو مرکزی پلیٹ فارم میسر ہوگا اور موجودہ روایتی نظام کی خامیوں سے بھی جان چھڑانے میں مدد ملے گی۔

اسی طرح سندھ جاب پورٹل کے تحت گریڈ ایک تا 15 تک کی ملازمتوں کےلیے محفوظ نظام قائم کیا جائےگا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پورٹل میں درخواست جمع کرانے کا خودکار نطام، ٹریک کرنے کی صلاحیت اور موقع پر ہی اعداد و شمار کے تجزیے کی صلاحیت ہوگی۔ یہ سندھ ٹیسٹنگ سروسز ( ایس ٹی ایس) پاس کرنے والوں سے بھی جڑا ہوگا۔

وزیر اعلی کو آگاہی دی گئی کہ اے ڈبلیو ایس کلاؤڈ ٹیکنالوجی کی مدد سے بنائے گئے سندھ جاب پورٹل میں درخواست گزاروں کےلیے آسان طریقہ کار، انتطامی ٹولز اور درخواست گزاروں کی معلومات کی حفاظت کےلیے موثر سیکیورٹی نظام بھی بنایا گیا ہے۔