خیرپور سے گیس کے مزید بڑے ذخائر دریافت، سانگھڑ سے پیداوار شروع

ضلع خیرپور میں قدرتی گیس کے مزید بڑے ذخائر دریافت کرلئے گئے ، اس کنویں سے تقریباً 10 ملین مکعب فٹ فی یومیہ گیس کی پیداوار کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

ایس آئی ایف سی کی معاونت سے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کمپنی نے سندھ کے شمالی ضلع خیرپور میں قدرتی گیس کے مزید ذخائر دریافت کیے۔

اس کنویں سے تقریباً 10 ملین مکعب فٹ فی یومیہ گیس کی پیداوار کا اندازہ لگایا گیا ہے، جس سے ملک میں گیس کی قلت کو پورا کرنے میں معاونت ملے گی۔

یہ اہم دریافت مقامی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک میں توانائی کے شعبے کی ترقی اور ہائیڈرو کاربن کے موثر استعمال میں مددگار ثابت ہوگی۔

اس کے علاوہ ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے او جی ڈی سی ایل نے سندھ کے ضلع سانگھڑ میں دریافت شدہ ذخائر سے تیل اور گیس کی پیداوار بھی شروع کردی۔

تقریبا 4 ہزار میٹر کی گہرائی تک کھودا گیا یہ کنواں اس وقت 350 بیرل یومیہ تیل اور 50 لاکھ مکعب فٹ یومیہ گیس فراہم کر رہا ہے۔

ایک محفوظ اور مضبوط معیشت کے قیام کے لیے توانائی کے شعبے کا مستحکم ہونا ناگزیر ہے، جس کے لیے ایس آئی ایف سی کی معاونت اور موثر حکومتی کاوشیں جاری ہیں۔

ملکی وسائل پر انحصار کے ذریعے ملکی معیشت کا استحکام ایس آئی ایف سی کی ترجیحات کا حصہ ہے، جس میں توانائی کا شعبہ خاصی اہمیت کا حامل ہے۔