گھی اور غذا کے معیار کو جانچنے کے لیے سندھ فوڈ اتھارٹی میں سائنٹفک کمیٹی قائم

849481_36095113

غذائی معیار پر نظر رکھنے والے حکومت سندھ کے ادارے سندھ فوڈ اتھارٹی نے سائنٹفک پینل کا قیام عمل میں لاتے ہوئے اس میں تمام صوبوں کے ارکان کو بھی شامل کرلیا۔

سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اور گھی کے شعبے کے لئے 20 رکنی سائنٹفک پینل قائم کر دیا گیا۔

سائنٹفک پینل میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے نمائندے بھی شامل ہیں جب کہ مختلف جامعات کے فوڈ سائنس ماہرین اور بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی اس کا حصہ ہوں گے۔

ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی مزمل حسین ہالیپوٹو کے مطابق پینل غذائی معیارات اور تکنیکی پہلوؤں پر سندھ فوڈ اتھارٹی کو سفارشات دے گا، پینل جدید تحقیق کی روشنی میں غذائی مصنوعات کے معیارات طے کرے گا۔

مزمل حسین نے مزید کہا ہے کہ سائنٹفک پینل کے اقدامات سے آئل اور گھی کی صنعت میں مزید بہتری آئے گی، سائنٹفک پینل کی تشکیل سے غذائی تحفظ اور معیار میں بھی بہتری آئے گی، سائنٹفک پینل عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔