سندھ حکومت کا تمام غیر ضروری خالی آسامیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت کے بعد سندھ حکومت نے بھی غیر ضروری سرکاری آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام وزارتوں اور اداروں کو فوری طور پر پوسٹس ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے تمام صوبائی محکموں اور وزارتوں کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا۔

چیف سیکریٹری سندھ نے ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، ممبرز بورڈ آف ریونیو، رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ اور کمشنرز کو خط لکھ دیا۔

چیف سیکریٹری نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ سندھ کابینہ نے 14 ستمبر کو غیر ضروری آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اب اس پر عملدرآمد کا وقت آ گیا۔

انہوں نے لکھا کہ تمام محکمے غیر ضروری آسامیاں ختم کریں اور جو پوسٹیں عرصہ دراز سے خالی پڑی ہیں، انہیں فوری طور پر ختم کیا جائے۔

چیف سیکریٹری نے لکھا کہ مختلف اسباب کے باعث یہ آسامیاں اپنی اصل اہمیت کھو چکی ہیں اور غیر ضروری آسامیوں کے باعث سرکاری خزانے کو بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ مالی مشکلات کے باعث فوری غیر ضروری پوسٹوں کو ختم کیا جائے۔ ان اسامیوں کے خاتمے سے گورننس بہتر اور مالی مشکلات کم ہونگی۔

چیف سیکریٹری کی جانب سے مراسلے کے ساتھ 11 نکاتی پرو فارما بھیجا گیا ہے، جس میں آسامیوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

حکومت سندھ سے قبل وفاقی حکومت نے بھی گریڈ ایک سے گریڈ 16 کی تمام خالی پوسٹوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارتوں اور ڈویژنز کو اس پر عمل کرنے کا حکم دیا تھا۔