کراچی کے تاریخی گلوبل میپ کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ
صوبائی دارالحکومت کراچی کے اسلامیہ کالج کے قریب تاریخی ورثہ ورلڈ گلوب میپ کو اسٹیڈیم روڈ تکونہ پارک منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسمیع نے نیو ایم اے جناح روڈ پر اسلامیہ کالج کے سامنے نصب کراچی کے تاریخی ورثہ ورلڈ گلوب میپ کی منتقلی کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ گلوبل میپ تاریخی حیثیت اور کراچی کا ایک ورثہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گلوبل میپ کو 1964 میں تعمیر کیا گیا تھا، اس وقت کی کراچی انتظامیہ کی جانب سے کراچی کے عوام کو ایک بہت خوبصورت تحفہ دیا گیاتھا۔
ان کے مطابق مذکورہ جگہ پر بیشتر فلمیں اور گانے بھی فلمائے گئے جن میں ایک مشہور گانا بندر روڈ سے کیماڑی بھی شامل ہے لیکن وقت کے ساتھ اس کی دیکھ بھال نہ ہونے کے سبب یہ ٹوٹ پھوٹ اور تباہی کا شکار ہوگیا اور اب یہ تاریخی مونومنٹ بی آر ٹی لائن کے سبب مسمار کیا جارہا ہے جس پر جناح ٹاؤن کی انتظامیہ نے تمام اداروں کی اجازت سے یہ فیصلہ کیا ہے کہ کراچی کے اس تاریخی ورثہ کو بحفاظت دوسری جگہ منتقل کردیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ گلوبل میپ کی نئی لوکیشن کے لیے اسٹیڈیم روڈ پر تکونہ پارک کا تعین کیا گیا ہے تاکہ بزرگ نوجوان اپنی آنے والی نسل کو یہ تاریخی ورثہ دکھا سکیں اور اس کی تاریخ بتا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس کام کیلئے جناح ٹاؤن نے پروفیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی ہیں جو اس گلوب کالوڈ اس کی فیزیبلٹی اور اس کا روٹ پلان تیار کرے گا جس کے بعد اسے یہاں سے منتقل کیا جائے گا جبکہ منتقلی کا عمل رات میں کرینگےتاکہ عوام کو بھی کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔