پولیس لاپتہ ہونے والے شہریوں کی تفتیش اور غیر شناخت شدہ لاشوں کی معلومات دینے کی پابند ہے، سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ پولیس صوبے سے لاپتہ ہونے والے شہریوں کی تفتیش کرنے سمیت لاوارث لاشوں کی معلومات بھی عوام کو دینے کی پابند ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس صلاح الدین پہنور پر مشتمل دو رکنی بینچ نے لاپتہ شہریوں کے کیس میں سیکریٹری محکمہ داخلہ اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کو حکم دیا ہے کہ صوبے بھر میں غیر شناخت شدہ لاشوں کی معلومات تھانوں کی سطح پر شہریوں کو فراہم کی جائیں۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ ایسی حکمت عملی ترتیب دی جائے کہ تھانوں کے ذریعے معلومات پولیس ہیڈ کوارٹر میں بھی مرتب کی جائیں تا کہ معلومات کا سلسلہ سینٹرلائزڈ ہونے کے ساتھ ساتھ معلومات حکام کے علم میں بھی لائی جا سکیں۔

جسٹس صلاح الدین پہنور نے آبزرویشن میں لاپتہ شہریوں کے والے سے دائر ہونے والی درخواستوں میں اختیار کیا گیا موقف مشترک ہے کہ ان کے رشتے داروں کو پولیس یا قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اٹھا لیا ہے جبکہ جے آئی ٹی بیشتر درخواستوں میں جواب جمع کراتے ہوئے کہتی ہے کہ شہری ازخود ہی غائب ہوگئے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ پولیس قانونی طور پر پابند ہے کہ اس طرح کے کیسز کی مکمل تفتیش کرے اور رپورٹس جمع کرائے۔

عدالت عالیہ نے خانزادی کی دائر درخواست پر بھی تفتیشی افسر کو ہدایت دی ہے کہ تفتیش مکمل کر کے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 173کے تحت رپورٹ متعلقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرے۔