سندھ میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ دسمبر میں ہوگا

سندھ میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلوں کے سلسلے میں دوبارہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ اتوار 8 دسمبر کو ہو گا۔

یہ ٹیسٹ آئی بی اے سکھر کے تحت لیا جائے، اس حوالے سے آئی بی اے سکھر نے ٹیسٹ کے لیے اپنی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

امیدواروں کو شناخت کے لیے ایڈمٹ کارڈ کے ساتھ ساتھ، شناختی کارڈ / پاسپورٹ / ڈومیسائل / تصویر والی مارکس شیٹ میں سے ایک دستاویز لازمی رکھنی ہو گی۔

رش اور بدمزگی سے بچنے کے لیے کراچی میں 3 امتحانی مراکز قائم ہوں گے جبکہ حیدر آباد، میر پور خاص، نواب شاہ، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

سندھ حکومت نے آئی بی اے سکھر کو 38ہزار 609 امیدواروں کے لیے 6 ہزار روپے فی کس کے حساب سے 232.140 ملین روپے فراہم کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ستمبر میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ہوئے تھے لیکن امتحانات میں پیپر لیک ہونے کے الزامات کے بعد عدالت نے امتحانات دوبارہ لینے کا حکم دیا تھا۔

سندھ ہائی کورٹ نے درخواست پر 26 اکتوبر کو ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ لینے کا حکم دیا تھا، اپنے تفصیلی فیصلے میں سندھ ہائیکورٹ نے کہا تمام رپورٹس سے ثابت ہوتا ہے کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ شفاف نہیں ہوا، تحقیقاتی ٹیم اور ایف آئی اے نے ایم ڈی کیٹ کا پیپر لیک ہونے کی تصدیق کی۔

سندھ حکومت کی تحقیقاتی کمیٹی نے کہا تھا کہ پیپر ٹیسٹ سے 13 گھنٹے 44 منٹ قبل آؤٹ کیا گیا تھا، سوال نامے کی کلیو کی 6 گھنٹے قبل لیک گئی، کلیو کی کے مطابق 75 فی صد سوالات ملتے جلتے تھے۔

ایف آئی اے سائبر کرائم نے رپورٹ میں کہا کہ ایم ڈی کیٹ کا پیپر واٹس ایپ کے ذریعے پھیلایا گیا تھا، ان میں سے ایک واٹس ایپ گروپ میڈیکو انجنیئر ایم ڈی کیٹ کے نام سے تھا، اس گروپ نے 21 ستمبر کو رات 8 بجکر 16 منٹ پر پیپر لیک کیا، تحویل میں لی گئی ڈیوائس کے فرانزک کے دوران پتا چلا پیپر کئی گروپس میں شیئر کیا گیا تھا۔

پہلی بار 22 ستمبر 2024 کو ٹیسٹ لیا گیا تھا، اب دوبارہ 8 دسمبر کو ٹیسٹ لیا جائے گا۔