نوشہرفیروز کی دھڑ جڑی بہنوں کو آپریشن کے ذریعے الگ کردیا گیا

ضلع نوشہرو فیروز کی دھڑ کڑی بہنوں کو صوبائی دارالحکومت کراچی کے قومی ادارہ صحت برائے اطفال (این آئی سی ایچ) میں کامیاب سرجری کے بعد علیحدہ کردیا گیا، آپریشن میں 4 بڑے ہسپتالوں کے ماہر سرجنوں نے حصہ لیا۔

نوشہروفیروز کی رہائشی دھڑ جڑی بہنوں کو سرجری کے لیے این آئی سی ایچ لایا گیا تھا، 2 دسمبر کو کامیاب سرجری کے بعد دونوں بہنوں کو علیحدہ کر دیا گیا۔

پیچیدہ ترین آپریشن میں آغا خان، این آئی سی ایچ ، قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) اور سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹالوجی( ایس آئی سی ایچ این) کے سرجن شریک ہوئے، سرجری 4 گھنٹے تک جاری رہی جس میں 10 افراد پر مشتمل اسٹاف نے حصہ لیا۔

ایگزیکٹیو ڈائریکٹر این آئی سی ایچ پروفیسر ڈاکٹر ناصر سڈل نے بتایا کہ اللہ کا شکر ہے دونوں بہنوں کی سرجری کامیاب ہوئی ہے، انہوں نے بتایا کہ سرجری کے تمام اخراجات ہسپتال انتظامیہ نے برداشت کیے ہیں۔