سکھر پولیس کا مبینہ مقابلہ میں ڈاکو ہلاک کرنے کا دعویٰ
سکھر پولیس نے مبینہ مقابلے میں مختلف کیسز میں مطلوب مبینہ ڈاکو رضا زنگیجو کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ دوسری جانب پولیس پر ماورائے عدالت قتل کا الزام بھی عائد کیا جا رہا ہے۔
سندھی نیوز چینل ’سندھ ٹی وی’ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ پولیس نے روہڑی کے قریب پٹنی تھانے کی حدود میں کنبھرا برج کے قریب موٹر سائیکل ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ ملزمان کی فائرنگ پر پولیس نے دفاعی فائرنگ کی،جس دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت رضا زنگیجو کے طور پر ہوئی۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ملزم سے تین پسٹول اور ایک کروڑ 45 لاکھ روپے کی نقد رقم بھی برآمد کی گئی۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ملزم سکھر اور روہڑی کے مختلف علاقوں میں ہونے والی ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھا اور اس پر متعدد تھانوں پر کیسز بھی درج ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر علاقے کے سماجی کارکنان سمیت سیاسی کارکنان نے پولیس پر ماورائے عدالت قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ رضا زنگیجو کا ڈکیتی سے کوئی تعلق نہیں، پولیس نے انہیں کراچی سے اپنی بہن کے ساتھ آنے کے دوران مسافر بس سے اتارا اور بعد میں مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔