کشمور و کیماڑی سے پولیو کیسز رپورٹ، سندھ میں کیسز کی تعداد 17 ہوگئی

31090706510f8ef

ضلع کشمور اور کیماڑی سے ایک ایک پولیو کیس رپورٹ ہونے کے بعد سندھ میں اب تک سامنے آنے والے کیسز کی مجموعی تعداد 17 جب کہ ملک بھر کے کیسز کی تعداد 59 ہوگئی۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے پاکستان بھر میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1 (WPV1) کے تین کیسز کی تصدیق کردی۔

لیب نے کراچی کیماڑی، کشموراورڈی آئی خان سے ایک ایک پولیو کیس کی تصدیق کی۔بچوں سے جمع کیے گئے نمونوں کی جینیاتی ترتیب سے پتہ چلتا ہے کہ وہ جینیاتی طور پر اسی WPV1 وائرس کے جینیاتی کلسٹر سے جڑے ہوئے ہیں۔

مذکورہ کیسز کے بعد ملک بھر کے کیسز کی تعداد 59 جب کہ سندھ کے کیسز کی تعداد 17 ہوگئی۔

ضلع کشمور سے پہلا جب کہ کیماڑی سے یہ تیسرا کیس ہے۔

سندھ کے 20 اضلاع پولیو کے خطرے سے دوچار، 66 فیصد ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی تصدیق

اس وقت تک سندھ میں سب سے زیادہ کراچی ڈویژن سے پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، دارالحکومت کراچی کے کیماڑی ضلع سے تین، ملیر اور ضلع شرقی سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، یعنی کراچی ڈویژن سے مجموعی طور پر پانچ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

پولیو کیسز کے حوالے سے دوسرے نمبر پر لاڑکانہ ڈویژن ہے، جہاں ضلع جیکب آباد سے دو، شکارپور سے ایک، کشمور سے ایک اور گھوٹکی سے بھی ایک کیس سامنے آ چکا ہے۔

حیدرآباد ضلع اور ڈویژن سے دو پولیو کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ میرپور خاص ڈویژن کے ضلع میرپور خاص سے ایک، سانگھڑ اور سجاول سے ایک کیس سامنے آ چکا ہے۔

سندھ میں والدین کا 43 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار