سندھ کے 90 فیصد اسکول ہاتھ دھونے، 25 فیصد اسکول واش رومز کی سہولت سے محروم

schools

سندھ حکومت کے دعووں کے برعکس سندھ بھر کے 90 فیصد اسکولوں میں ہاتھ دھونے کی سہولت نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے جب کہ 25 فیصد اسکولوں میں واش رومز تک نہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے 90 فیصد اسکولوں میں ہاتھ دھونے کے لیے بھی کوئی بندوبست نہیں۔ 49 فیصد اسکولوں کی چار دیواری ہی موجود نہیں۔

اسی طرح صوبے کے 37 فیصد اسکولوں میں پینے کے پانی کی سہولت نہیں۔ 68 فیصد اسکولوں میں بجلی موجود نہیں تو 25 فیصد اسکولز واش رومز سے محروم ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ بھر میں تقریبا 40 ہزار سے زائد سرکاری اسکولوں میں 52 لاکھ سے زائد طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں، لیکن اسکولوں میں سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

ماہرین تعلیم کے مطابق سال 2024 میں نیا تعلیمی سال شروع ہونے کے کئی ماہ بعد تک طلبہ کو کتب کی فراہمی نہ ہو سکی اور یہ بھی ان کے تعلیمی نقصان کا سبب بنا۔

دوسری جانب یہ بھی قابل ذکر بات ہے کہ سندھ میں اسکول سے باہر بچوں کی تعداد 55 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔