کشمور سے رواں سال کا دوسرا پولیو کیس رپورٹ، سندھ کے کیسز کی تعداد 20 ہوگئی

ضلع کشمور سے رواں برس کے دوسرے پولیو کیس کے سامنے آنے کے بعد سندھ میں اب تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 20 ہوگئی۔
کشمور کے علاوہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک سے بھی نیا کیس سامنے آیا ہے، جس کے بعد پاکستان بھر کے کیسز کی تعداد 67 تک جا پہنچی۔
رواں برس پولیو کے سب سے زیادہ کیسز بلوچستان سے 27، سندھ سے 20 اور خیبرپختونخوا سے 18 جبکہ اسلام آباد اور پنجاب سے ایک، ایک پولیو کیسز سامنے آچکا ہے۔
ضلع کشمور سے رواں برس یہ دوسرا کیس سامنے آیا ہے۔
جیکب آباد اور سکھر سے پولیو کیسز رپورٹ، سندھ کے کیسز کی تعداد 19 ہوگئی
کشمور سے قبل 13 دسمبر کو ضلع جیکب آباد سے بھی پولیو کیس سامنے آیا تھا۔
نومبر کے اختتام پر بھی کشمور اور کیماڑی سے دو پولیو کیسز سامنے آئے تھے۔
اس وقت صوبے میں سب سے زیادہ کیسز ضلع جیکب آباد اور کیماڑی سے ترتیب وار تین تین سامنے آ چکے ہیں۔
صوبے میں سب سے زیادہ کراچی ڈویژن سے پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، دارالحکومت کراچی کے کیماڑی ضلع سے تین، ملیر اور ضلع شرقی سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، یعنی کراچی ڈویژن سے مجموعی طور پر پانچ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
پولیو کیسز کے حوالے سے دوسرے نمبر پر لاڑکانہ ڈویژن ہے، جہاں ضلع جیکب آباد سے تین، شکارپور سے ایک، کشمور سے دو کیس سامنے آ چکے ہیں اور لاڑکانہ ڈویژن کے کیسز کی تعداد بھی پانچ ہوگئی۔
حیدرآباد ضلع اور ڈویژن سے دو پولیو کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ میرپور خاص ڈویژن کے ضلع میرپور خاص سے ایک، سانگھڑ اور سجاول سے ایک کیس سامنے آ چکا ہے۔
اسی طرح سکھر ڈویژن کے ضلع گھوٹکی سے ایک جب کہ ضلع سکھر سے بھی ایک کیس سامنے آچکا ہے۔
مجموعی طور پر سندھ بھر سے 26 دسمبر 2024 تک 20 کیسز سامنے آ چکے تھے۔