سجاول سے دریافت ہونے والے تیل و گیس کے کنویں کو آپریشنل کردیا گیا

پاکستان پیڑولیم لمیٹڈ ( پی پی ایل )نے سندھ کے علاقے سجاول میں تیل و گیس کے کنویں کو آپریشنل کردیا۔
پی پی ایل نے اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ جہم ایسٹ ایکس ون نامی کنویں کو کامیابی سے آپریشنل کرلیا گیا۔
خط میں میں کہا گیا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ے کہ شاہ بندر جے وی بلاک (بلاک 2467-16) میں تلاش اور ترقیاتی سرگرمیوں کے ایک حصے کے طور پر سندھ کے ضلع سجاول میں واقع دوسرے دریافتی کنویں جہم ایسٹ ایکس-1 کو کامیابی کے ساتھ آپریشنل کرلیا گیا۔
مذکورہ کنواں تقریباً 10 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس روزانہ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) اور 150 بیرل سے زائد کنڈینسیٹ روزانہ (بی پی ڈی) پیدا کررہا ہے، جبکہ کنویں کا فلوئنگ پریشر (ڈبلیو ایچ ایف پی) تقریباً 2,800 پاؤنڈز پر اسکوائر انچ (پی ایس آئی) ہے، جس میں چوک سائز 40/64 انچ ہے۔
پی پی ایل کے مطابق، جہم ایسٹ ایکس-1 کی گیس کو ایم پی سی ایل کے سجاول گیس پروسیسنگ فیسلٹی میں پروسیس کیا جارہا ہے تاکہ اسے ایس ایس جی سی کو سپلائی کیا جاسکے۔
خیال رہے کہ شاہ بندر جوائنٹ ونچر پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (ڈبلیو آئی 63 فیصد)، ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ڈبلیو آئی 32 فیصد)، سندھ انرجی ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ (ڈبلیو آئی 2.50 فیصد) اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (ڈبلیو آئی 2.50 فیصد) کا مشترکہ منصوبہ ہے۔
گزشتہ ماہ پی پی ایل نے سندھ کے ضلع سجاول میں واقع پاٹیجی ایکس ون کنویں سے ہائیڈرو کاربن کے ذخائر دریافت کیے تھے۔