او جی ڈی سی ایل نے حیدرآباد کے ذخائر سے تیل و گیس کی مزید پیداوار بڑھادی

آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے وہ کو حیدرآباد سے خام تیل کی پیداوار میں بڑے اضافے اعلان کردیا۔

اوجی ڈی سی ایل انتظامیہ کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو بھیجے خط میں بتایا گیا ہے کہ حیدرآباد میں واقع پساکھی فیلڈ سے تیل کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

خط کے مطابق پساکھی فائیو فیلڈ کے کنویں سے خام تیل کی پیداوار یومیہ 420 بیرل کے اضافے سے 900 بیرل تک پہنچ گئی۔

او جی ڈی سی ایل کے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پساکھی فائیو میں کنویں سے پیداواری عمل کو ای ایس پی سسٹم سے بہتر کیا گیا۔

واضح رہے کہ پساکھی فائیو کی آئل فیلڈ میں او جی ڈی سی ایل کا 100فیصد شئیر ہے۔ پساکھی فائیو کی آئل فیلڈ میں خام تیل کی پیداوار میں اضافہ توانائی مقامی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

چند روز قبل او جی ڈی سی ایل نے سندھ کے ضلع ٹنڈو اللہ یار میں واقع تیل کے کنویں کو بحال کیا تھا۔

ای اینڈ پی نے سندھ کے ضلع حیدرآباد میں واقع اپنے کنڑ ویسٹ ویل 3 سے تیل اور گیس کی پیداوار بھی شروع کردی ہے ۔

کمپنی کے تازہ ترین مالی نتائج کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے 30 ستمبر 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران 41.02 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) ظاہر کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 49.03 ارب روپے کے مقابلے میں 16 فیصد کم ہے۔

مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 9.54 روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں ای پی ایس 11.40 روپے تھی۔