دریائے سندھ پر کینال نامنظور، ایکس پر چند گھنٹوں میں ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

دریائے سندھ سے کینال نکالنے کے خلاف سندھ بھر میں گزشتہ چھ ماہ سے احتجاج اور مظاہرے جاری ہیں، جس کے سلسلے میں سندھ کے سوشل میڈیا کارکنان نے 4 اپریل کو ’کینال نا منظور‘ کے نام سے ٹرینڈ بھی چلایا۔
ملک میں ایکس کی بندش کے باوجود سندھ کے سوشل میڈیا کارکنان نے وی پی این کا استعمال کرتے ہوئے ’کینال نامنظور‘ کا ٹرینڈ چلایا اور محض چند ہی گھنٹوں میں ٹرینڈ ٹاپ پر آگیا۔
انٹرنیٹ کی سست رفتاری، ایکس کی بندش اور وی پی این کے استعمال میں رکاوٹ کے باوجود سندھ کے سوشل میڈیا کارکنان نے ’کینال نامنظور‘ کا ٹرینڈ چلایا اور چند ہی گھنٹوں میں ٹرینڈ ٹاپ پر آگیا۔
سندھ کے سوشل میڈیا کارکنان نے ’کینال نامنظور‘ کا ٹرینڈ صوبائی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی کی برسی کے موقع پر 4 اپریل کو چلاکر پیپلز پارٹی کو پیغام دیا کہ سندھ کے لوگ کسی بھی حال میں سندھو دریا پر کینال نہیں بننے دیں گے۔
سندھ بھر میں دریائے سندھ سے کینال نکالنے کے خلاف 2024 کے اختتام سے مظاہرے اور احتجاج جاری ہیں اور اب یہ مظاہرے تحریک کی شکل اختیار کر چکے ہیں، سندھ کے چھوٹے سے چھوٹے گاؤں میں بھی یومیہ بنیادوں پر کینالز نکالنے کے خلاف مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
عید الفطر کے موقع پر سندھ کے عوام نے نماز عید کے اجتماعات میں بھی دریائے سندھ پر کینالز نکالنے کی مخالفت کی اور علما اکرام نے بھی حکومت کو پیغام دیا کہ کینالز نکالنے کا منصوبہ مکمل طور پر بند کرکے سندھ کے عوام کو سکون فراہم کیا جائے۔