سندھڑی میں سفاکیت کی انتہا، غیرت کے نام پر حاملہ خاتون، دو بچے جلاکر قتل

ضلع میرپورخاص کے شہر سندھڑی میں ملزمان نے سفاکیت کی انتہا کردی، غٰیرت کے نام پر 7 ماہ کی حاملہ خاتون کو دو کمسن بچوں سمیت تشدد کے بعد جلاکر قتل کردیا گیا۔
تعلقہ سندھڑی کے گوٹھ ولی محمد منگریو میں7 ماہ کی حاملہ خاتون مریم بھیل، اس کے دو بیٹوں 2 سالہ خوشحال اور5 سالہ ہرلال کو تین اپریل کو گھر میں مبینہ تشدد کے بعد جلا کر انہیں قتل کرنے کی دلخراش تفصیلات نے سب کو آبدیدہ کردیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ خاندان گندم کی کٹائی کی مزدوری کرنے تھر سے آیا تھا، ملزم کو اپنی بیوی کے کردار پرشک تھاجس کی وجہ سے ان کے درمیان اکثر تنازع رہتا تھا۔
پولیس کے مطابق ایک روز قبل ملزم بیوی اور بچوں کو کسی بہانے کھیت سے گھر لے گیا، جہاں انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر ہاتھ پاؤں باندھ کر گھر کو آگ لگاکر فرار ہوگیا جس سے وہ ہلاک ہوگئے۔
مزید معلوم ہوا ہے کہ قتل کا انکشاف اس وقت ہوا جب مقتولہ کے رشتہ داروں نے میڈیا اور پولیس ملاقات میں ملزم پر شک ظاہر کیا تھا۔
پولیس نے مزید تفتیش کی تو قتل میں مقتول خاتون کے بھائی بھی ملوث نکلے، جس کے بعد پولیس نے خاتون کے شوہر اور تینوں بھائیوں کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار شوہر نے پولیس کو غیرت کے نام پر قتل کا اعتراف کرلیا۔
دوسری جانب میڈیکو لیگل افسر کے مطابق خاتون اور بچوں کے ہاتھ پیر باندھ کر آگ لگائی گئی، جب کہ ان پر تشدد کے واضح نشانات بھی ملے ہیں۔