موسمیاتی تبدیلی، سندھ بھر میں تین ماہ کے اندر 20 ہزار ملیریا کیسز رپورٹ

IMG-20250417-WA0158

موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سندھ بھر میں ویکٹر سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں اضافہ ہوگیا، صوبے میں رواں سال کے ابتدائی ساڑھے تین ماہ میں 20 ہزار سے ملیریا کے کیسز سامنے آگئے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے نہ صرف ملیریا بلکہ ڈینگی، چکن گونیا اور مچھروں کے کاٹنے سے پیدا ہونے والی دوسری بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق مچھروں کی افزائش کے سازگار حالات نے وی بی ڈی کیسز میں اضافہ کیا۔

حکام کے کے مطابق یکم جنوری سے 11 اپریل تک سندھ میں ملیریا کے16ہزار 733 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ جنوری سے 11 اپریل تک سب سے زیادہ کیسز حیدرآباد ڈویژن سے سامنے آئے۔

سب سے زیادہ ملیریا کے کیس کراچی کے ضلع جنوبی سے 72 کیس رپورٹ ہوئے، ضلع ملیر سے 62، ضلع غربی سے ملیریا کے 29 کیس سامنے آئے، ضلع کورنگی سے16، ضلع شرقی سے 5 اور ضلع وسطی سے ملیریا کے 2 جبکہ ضلع کیماڑی سے ملیریا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

اسی طرح حیدرآباد ڈویژن سے ملیریا کے 6 ہزار 596 کیس رپورٹ ہوئے، سکھر ڈویژن سے ملیریا کے ایک ہزار 549، لاڑکانہ ڈویژن سے ملیریا کے 5 ہزار 136، میرپورخاص ڈویژن سے ملیریا کے ایک ہزار 282 اور شہید بینظیرآباد ڈویژن سے ملیریا کے ایک ہزار 984 کیس رپورٹ ہوئے۔