سندھو دریا سے کینال نکالنے کے خلاف احتجاج، وکلا نے سندھ – پنجاب شاہراہ بند کردی

دریائے سندھ سے کینال نکالنے کے خلاف احتجاج کے طور پر سندھ ہائی کورٹ بار کی کال پر سندھ بھر کے وکلا نے سندھ – پنجاب شاہراہ کو ببرلو اور شکار پور بائی پاس پر بند کردیا۔
وکلا نے دو روز قبل قومی شاہراہ بند کرنے کا اعلان کیا تھا اور سندھ بھر کے وکلا 17 اپریل کو احتجاج کے مقام پر پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔
سندھ ہائی کورٹ بار اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے وکلا سمیت حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، بینظیر آباد اور لاڑکانہ ڈویژنز کے تمام بارش کے وکلا بھی احتجاج کے مقام پر پہنچے۔
سندھو دریا پر کینال نکالنے کے خلاف وکلا کا سندھ – پنجاب شاہراہ بند کرنے کا اعلان
وکلا نے 18 اپریل کی صبح کو ببرلو بائی پاس بند کرکے دھرنے کے مقام پر کیمپ قائم کردیے۔
وکلا کا مطالبہ ہے کہ وفاقی حکومت فوری طور پر دریائے سندھ سے کینال نکالنے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے منصوبے کی منسوخی کا نوٹیفیکیشن جاری کرے۔
وکلا سمیت سندھ بھر کی سیاسی و سماجی تنظیموں سمیت سندھ کا عوام گزشتہ کئی ماہ سے سندھو دریا سے کینال نکالنے کے خلاف احتجاج پذیر ہے جب کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت بھی کینالز کے خلاف احتجاج و بیانات دیتی دکھائی دیتی ہیں۔