وزیر داخلہ سندھ نے مورو میں احتجاج کے دوران گاڑیوں اور گھروں کو نظر آتش کرنے کا نوٹس لے لیا

IMG-20250520-WA0063

وزیر داخلہ سندھ نے مورو میں سیاسی جماعت کی جانب سے احتجاج کے دوران گھر اور گاڑیاں نذر آتش کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) نوشہروفیروز سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایس ایس پی نوشہرو فیروز سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایات بھی کیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہر اور ضلع میں امن وامان کے حالات سبوتاژ کرنے اور قانون کی رٹ کو چیلنج کرنیوالے عناصر کے خلاف آہنی اقدامات کیئے جائیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے ہدایات کیں کہ ضلعی سطح پر مذید تازہ دم دستوں اورپولیس کمک کو حرکت میں لایا جائے۔

وزیر داخلہ سندھ نے پولیس کو ہدایات کیں کہ شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانیوالے شرپسندوں کو باقاعدہ نشاندھی کے تحت قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

ضیاء الحسن نے حکم دیا کہ علاقے میں افراتفری اور بدامنی کے مرتکبین کے خلاف قرار واقعی اقدامات کیئے جائیں۔

مورو میں قومپرست جماعتوں کی جانب سے 20 مئی کو احتجاج کیا گیا، جس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، بعد ازاں مظاہرین نے عوامی املاک کو بھی آگ لگادی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں متعدد گاڑیوں کو جلتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ مشتعل مظاہرین نے گھر کو بھی آگ لگادی۔