ادیب تاج جویو کے بیٹے ریاست مخالف سرگرمیوں میں گرفتار، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

حیدرآباد پولیس نے نامور ادیب و لکھاری تاج جویو کے بیٹوں ہوشو اور روپلو جویو کو گرفتار کرنے کے بعد حیدرآباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پولیس کے مطابق تاج جویو کے بیٹے ہوشو اور روپلو جویو کچھ دن قبل سندھی نیشنل کانگریس کی ریلی میں شریک ہوئے تھے، جہاں انہوں نے ریاست اور ملک مخالف نعرے لگائے اور بینر اٹھا رکھے تھے۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے فوج مخالف نعرے بھی لگائے اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے والے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔
دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے پولیس نے ان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا جب کہ پولیس کو چالان جمع کروانے کی ہدایت بھی کی۔
دوسری جانب ہوشو اور روپلو جویو کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکلین کا نام فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں شامل ہی نہیں، ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کے موکلین کو گھر میں زبردستی داخل ہوکر گرفتار کیا گیا۔