سندھ کے اسکولوں میں مفت کھانا پروگرام شروع

news-1747392059-9043 (2)

سندھ حکومت نے پسماندہ علاقوں کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کو مفت کھانا فراہم کرنے کا انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ’’اسکول کھانا پروگرام‘‘ کا آغاز کر دیا ۔

پروگرام کا افتتاح وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول مراد میمن ملیر میں کیا، جہاں انہوں نے خود بچوں کو کھانا پیش کر کے مہم کی شروعات کی۔

یہ پروگرام سندھ حکومت کے محکمہ تعلیم اور معروف فلاحی ادارے اللہ والے ٹرسٹ کے اشتراک سے شروع کیا گیا۔

پہلے مرحلے میں صوبے کے مختلف پسماندہ علاقوں کے 70 ہزار سے زائد بچوں کو روزانہ ایک وقت کا مفت اور متوازن کھانا فراہم کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تعلیمی کارکردگی کا براہ راست تعلق ان کی غذائی حالت سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ غذائی کمی کی وجہ سے بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے اور اسکول کھانا پروگرام کے ذریعے ہم ان کی نیوٹریشنل ضروریات پوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔