حیدرآباد میں مزدور کے قتل اور گھر میں تدفین کا انکشاف
حیدرآباد : حیدرآباد میں مل میں کام کرنے والے 37 سالہ مزدور عاشق علی کو مبینہ طور پر قتل کرکے گھر کے اندر دفن کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے نشاندہی پر مکان کو سیل کرکے سکیورٹی تعینات کردی ہے، جبکہ لاش برآمد کرنے کے لیے عدالت سے اجازت طلب کرلی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق میہڑ تحصیل کے گاؤں کنڈو واہ کے رہائشی منظور سولنگی نے 29 ستمبر کو تھانہ ٹنڈو یوسف میں اپنے بھائی عاشق علی کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ مدعی کے مطابق عاشق علی سائٹ ایریا کی ایک فیکٹری میں کام کرتا تھا اور اسے آخری مرتبہ 23 ستمبر کو فیکٹری میں کام کرنے والے قادر پنجابی کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے قادر پنجابی کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قادر پنجابی پنجاری واہ کے کنارے واقع ایک کرائے کے مکان میں رہتا تھا، جو اس وقت خالی ہے، جبکہ اس کی اہلیہ مکان کو تالہ لگا کر فرار ہوگئی ہے۔ پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران عاشق علی کو مبینہ طور پر قتل کرکے مکان کے اندر دفن کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ لاش کی برآمدگی کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی گئی ہے، اجازت ملنے کے بعد مجسٹریٹ کی موجودگی میں نشاندہی شدہ مقام کی کھدائی کرکے لاش نکالنے کی کارروائی کی جائے گی۔