سندھ حکومت کا حج مشن کی ملازمتوں میں حصہ دینے کا مطالبہ

IMG-20231117-WA0001

نگران سندھ حکومت نے وفاقی حکومت سے حج مشن کی ملازمتوں میں صوبائی کوٹا کے تحت حصہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے رواں برس حج کے انتظامات میں سندھ کے ملازمین کو تعینات کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان سندھ حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نگران صوبائی وزیر قانون و مذہبی امور عمر سومرو نے وفاقی وزارت برائے مذہبی امور و ہم آہنگی کو احتجاجی خط لکھ دیا، جس میں انہوں نے سندھ حکومت کے ملازمین کوبھی مکہ مدینہ حج مشن خدمات کے لیے تعینات کرنے کا مطالبہ کردیا۔

صوبائی نگران وزیر نے خط میں لکھا کہ ہر سال 300 وفاقی ملازمین حجاج کی خدمت کے لیے سعودی میں تعینات ہوتے ہیں تاہم وفاق سندھ سے خدمت کے لئے ایک بھی ملازم نہیں بلاتا۔

عمر سومرو نے خط میں مزید کہا کہ جب صوبائی کوٹہ مختص ہے تو عمل کیوں نہیں ہوتا، صوبوں کو حج مشن میں بطور خادمین حصہ نہیں دیا جاتا۔

خط میں نہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے 2024 میں زیادہ حجاج فریضہ حج کے لئے جا سکتے ہیں، لہٰذا مشن کے لیے زیادہ ملازمین درکار ہوں گے، 18ویں ترمیم کے بعد صوبائی مذہبی امور کو حج مشن تعیناتی میں شامل کیا جائے۔