تنگوانی: چوری کے الزام میں کم سن بیٹی کے سامنے شہری پر بہیمانہ تشدد

شمالی سندھ کے ضلع کشمور ایٹ کندھ کوٹ کی تحصیل تنگوائی میں دکانداروں اور ہجوم کی جانب سے مبینہ چوری کےالزام میں شہری پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔

وائرل ہونے والی ویڈیوز میں ہجوم کو شہری پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جس وجہ سے وہ بے ہوش ہوجاتے ہیں اور ان کے ہمراہ کم سن بچی انہیں رو رو کر گلے لگاتی ہیں۔

وائرل ہونے والی ویڈیوز میں متعدد افراد شہری پر ہجوم کرتے دکھائی دیتے ہیں اور مبینہ چور کے ہمراہ کم سن لڑکی روتی دکھائی دیتی ہیں۔

اسی حوالے سے سندھی ٹی وی چینل ٹائم نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شہری پر دکاندار کی جانب سے چوری کا الزام لگاکر تشدد کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق دکاندار نے دعویٰ کیا کہ کم سن بیٹی کے ہمراہ آنے والے چور کا ایک ساتھی فرار ہوگیا اور دونوں دکان سے نقد رقم چوری کر رہے تھے۔

دکاندار سمیت مارکیٹ میں موجود دیگر افراد نے مبینہ چور پر بہیمانہ تشدد کیا، جس وجہ سے وہ بے ہوش ہوگئے اور اس دوران کم سن بیٹی ان کے اوپر روتی رہیں۔

کم سن بیٹی کے سامنے مبینہ چور پر کیے جانے والے تشدد کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے دکانداروں پر اور تشدد کرنے والے افراد پر تنقید کرتے ہوئے پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ سر عام سڑک پر اپنی عدالت لگا کر تشدد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔