لڑکی کا روپ دھار کر مٹھی کے اسکول میں پرفارمنس کرنے والے کملیش کمار کون ہیں؟

سندھ ثقافتی دن 3 دسمبر کو صحرائے تھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹر مٹھی کے ایک اسکول میں لڑکی کا روپ دھار کر ثقافتی پروگرام میں پرفارمنس کرنے والے طالب علم کملیش کمار کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وہ ہیرو بن کر سامنے آئے ہیں۔
سندھی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کملیش کمار کی لڑکی کے روپ دھارنے کی تصاویر سامنے آنے کے بعد ان کی تعریفیں کی گئیں، تاہم بعض تنگ نظر افراد نے ان پر تنقید بھی کی۔
کملیش کمار کی وائرل ہونے والی تصاویر کو دیکھ کر ایک لمحے کے لیے بھی نہیں لگتا کہ وہ لڑکے ہیں بلکہ تصاویر سے یقین ہوجاتا ہے کہ وہ کوئی کم عمر لڑکی ہی ہیں۔
کملیش کمار غریب مزدور بھمرو میگھواڑ کے بیٹے ہیں اور وہ میٹرک کے طالب علم ہیں۔
ثقافتی عید کے موقع پر سندھ کراچی سے لے کر کشمور تک تمام شہر اجرک، ٹوپی، جھمر اور قومی گیتوں سے گونج اٹھا، شہر، شہر، قصبے، قصبے میں ہونے والی تقریبات میں بچوں، بزرگوں اور خواتین کی بھرپور شرکت#SindhiCultureDay2023 #SindhCultureDay #SindhMatters https://t.co/UvyDcsCO9g
— Sindh Matters – سندھ میٹرز (@SindhMatters) December 3, 2023
انہوں نے ہائی اسکول نارتھ کالونی مٹھی میں سندھی ثقافتی دن کے موقع پر ہونے والی تقریب میں روایتی تھری لباس پہن کر پرفارمنس کی تھی۔
انہوں نے اس قدر شاندار میک اپ اور لباس پہنا کہ اسے دیکھنے والی ہر آنکھ اسے لڑکی ہی سمجھ بیٹھی۔
لڑکی کے روپ کی تصاویر وائرل ہونے پر جہاں سوشل میڈیا صارفین کملیش کمار کی تعریفیں کیں، وہیں بعض افراد نے ان پر تنقید بھی کی، جس وجہ سے وہ تین سے چار دن اسکول بھی نہیں گئے اور خود کو گھر تک محدود کردیا، تاہم بعد ازاں انہوں نے معمول کی زندگی شروع کردی۔
کئی لوگوں نے انہیں تھر کا ایوشمان کھرانہ قرار دیا، بعض افراد نے انہیں ہولی وڈ اور بولی وڈ کے دیگر اداکاروں سے بھی تشبیح دی۔