تقسیم کے 76 سال بعد ہندو سندھی خاندان بھارت سے سندھ پہنچ کر آبدیدہ

تقسیم ہند اور قیام پاکستان وقت اپنے آباؤ و اجداد کی زمین سندھ چھوڑ کر بھارت جانے والا سندھی ہندو خاندان 76 سال بعد جیسے ہی اپنی دھرتی پر پہنچا تو جذباتی ہوگیا۔

بھارت سے سندر داس، اوشا دیوی اور موہن لعل تقسیم برصغیر کے 76 سال بعد رواں ہفتے سندھ پہنچے، جس کے بعد انہوں نے سندھ کے مختلف قدیمی مقامات کا دورہ بھی کیا۔

خاندان 8 دسمبر کو تاریخی موئن جو دڑو بھی پہنچا، جہاں انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا اصل تعلق حیدرآباد سندھ سے ہے لیکن تقسیم کے وقت مجبوری میں وہ بھارت چلے گئے تھے۔

عمر رسیدہ خاندان کے افراد نے بتایا کہ ان تمام کی خواہش تھی کہ مرنے سے قبل اپنی جنم بھومی سندھ دیکھیں اور اس خواہش کو پورا ہونے میں کئی سال لگے اور انہیں تقسیم کے 76 سال بعد خوش قسمتی سے سندھ دیکھنا نصیب ہوا۔

بھارت سے آنے والا خاندان سندھ کے مختلف مقامات کو دیکھ کر جذباتی اور آبدیدہ ہوگیا اور خاندان کے افراد نے شکرانے بھی ادا کیے۔