کراچی پورٹ گرانڈ میں سندھ کرافٹ فیسٹیول کا انعقاد
صوبائی دارالحکومت کراچی کے پرفضا سیاحتی مقام پورٹ گرانڈ میں محکمہ ثقافت و سیاحت کی جانب سے تین روزہ سندھ کرافٹ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، میلہ 10 دسمبر تک جاری رہے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقرنے سندھ کرافٹ فیسٹیول کاافتتاح کیا۔
سندھ کرافٹ فیسٹیول میں سندھ بھر سے 70 سے زائد فنکار اپنی دستکاری کی نمائش کر رہے ہیں، دستکاریوں میں اجرک، سندھی ٹوپی، کاسی، آٹا پیسنے والی جنڈی، کڑھائی ، کھجور کے پتوں سے بنی دستکاری، چمڑے کے جوتے، حیدرآبادی چوڑیاں ، گج، رلی، مٹی کے برتن، موہن جودڑو کے نقوش، کھیس، بُنائی کی دستکاری وغیرہ شامل ہیں۔
میلے کے افتتاح کے لیے وزیر ثقافت جنیدعلی شاہ، وزیر تعلیم، وزیراطلاعات احمد شاہ نے وزیراعلی سندھ کا استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کوپھول،اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی گئی، فیسٹول میں لگائے گئے مختلف سٹالز سمیت سندھی ثقافت کی عکاس "اوطاق "کا دورہ بھی کیا۔
وزیراعلیٰ نے مختلف اسٹالز پرشہریوں سے مصافحہ کیا ،فیسٹیول سے متعلق پوچھا اورشہریوں کی تعریف کی۔
اس موقع پر شہریوں نے وزیراعلیٰ کے ساتھ سیلفیاں لیں اورتصویریں بھی بنوائیں، جسٹس (ر) مقبول باقر نے فیسٹیول کے انعقاد کی کاوش پروزیر ثقافت کوسراہا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ زیادہ تر سٹالز خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے لگائے گئے ہیں، سندھ کی ثقافت کوفروغ دینے کیلئے لوک گلوکار ورقاصوں کی موسیقی نے فیسٹیول کو چار چاند لگائے ، شرکاء سندھ کی لوک موسیقی سے محظوظ ہوئے۔