سندھ کے شہر ڈہرکی سے بھی گیس کے نئے ذخائر دریافت

IMG-20231212-WA0000

سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل ڈھرکی میں گیس کا ایک اور ذخیرہ دریافت کر لیا گیا، جس سے یومیہ ایک کروڑ 70 لاکھ اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہوگی۔

تیل اور گیس کی کمپنی ماڑی پٹرولیم کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے ڈھرکی میں ایک اور گیس کاذخیرہ دریافت کر لیا۔

کمپنی نے ڈھرکی کے علاقے میں 1740میٹر تک کھدائی کی، کمپنی کی اس علاقے میں یہ تیسری گیس کی دریافت ہے۔

نئے دریافت ہونے والے گیس کے ذخائر پر کام جاری ہے جس کے بعد گیس کو سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔

ڈہرکی میں گیس کے نئے ذخائر ملنے سے چند دن قبل ٹنڈو الہ یار سے بھی گیس و تیل کے ذخائر ملے تھے۔

ٹنڈو الہ یار سے گیس دریافت کیے جانے سے دو ہفتے قبل سجاول سے بھی گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے گئے تھے۔

رواں برس سندھ کے مختلف اضلاع گھوٹکی، سانگھڑ، حیدرآباد، سجاول اور ٹنڈو الہ یار سے مختلف کمپنیوں نے متعدد بار تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے ہیں۔