چونڈکو میں عرب شکاریوں کی گاڑی نے نوجوان کو کچل کر مار ڈالا

ضلع خیرپور کے صحرائی تعلقہ چونڈکو کے علاقے نارا کے قریب تلور کے شکار کے لیے آئے عرب شکاریوں کی تیز رفتار گاڑیوں نے موٹر سائیکل سوار مقامی نوجوان کو کچل کر مار ڈالا۔

سندھ میں ہر سال موسم سرما میں مختلف خلیجی ممالک کے عرب تلور کے شکار کے لیے آتے ہیں، سندھ حکومت ان شکاریوں کو باضابطہ لائسنس جاری کرتی ہے جب کہ پروٹوکول میں انہیں پیسوں کے عوض سیکیورٹی سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

سندھ میں عرب شکاریوں کے مظالم کی تاریخ بھری پڑی ہے اور کئی قصے تو ایسے ہیں، جن پر یقین ہی نہیں آتا اور اب عرب شکاریوں نے تازہ واقعے میں چونڈکو کے علاقے نارا کے مقامی نوجوان کو تیز رفتاری گاڑی سے کچل کر مار ڈالا۔

روزنامہ کاوش کے مطابق عرب شکاریوں کی تیز رفتار گاڑیوں نے نارا کے ریگستانی علاقے میں دو موٹر سائیکل سوار نوجوانوں 35 سالہ بہرام مگریو اور 25 سالہ غلام سرور مگریو کو کچل ڈالا۔

رپورٹ کے مطابق عرب شکاریوں کی تیز رفتار گاڑی موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کو نصف کلو میٹر تک گھسیٹتے ہوئے لے گئیں، جس وجہ سے 25 سالہ نوجوان موقع پر ہلاک ہوگیا جب کہ بہرام کو انتہائی تشویش ناک حالت میں عرب شکاریوں کے پروٹوکول کی ٹیم نے اسپتال پہنچایا۔

اسپتال انتظامیہ نے ہلاک نوجوان غلام مصطفیٰ کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی، جنہوں نے لاش سمیت دھرنا دیا اور عرب شکاریوں کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا مطالبہ کیا، تاہم پولیس اور انتظامیہ نے ان سے مذاکرات کیے اور انہیں انصاف کی خاطری بھی دلائی۔

عرب شکاریوں کی تیز رفتار گاڑیوں سے مقامی نوجوان کی ہلاکت پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت غم و غصے کا اظہار کرکے حکومت سندھ سے عرب شکاریوں کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔