آن لائن شادی ہونے کے بعد لاڑکانہ کا نوجوان اہلیہ سے ملنے فلپائن جا پہنچا

IMG-20240127-WA0003

سندھ کے شمالی ضلع لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان اوشاق علی شیخ آن لائن شادی کرنے کے بعد اہلیہ سے ملنے فلپائن جا پہنچے۔

اوشاق علی شیخ نے منیلا سے تعلق رکھنے والی اسکول ٹیچر منوکھا کوکب سے ستمبر 2023 میں آن لائن نکاح کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے ویزا کے لیے اپلائی کردیا تھا۔

اب چند ماہ بعد ویزا ملنے پر اوشاق علی شیخ منیلا پہنچ گئے اور اہلیہ منوکھا کوکب نے ان کا استقبال کیا اور اپنے اہل خانہ سے ملوایا۔

اوشاق علی شیخ کے والد قربان علی شیخ نے سندھی میڈیا سے مختصر بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کے بیٹے اہلیہ کے پاس پہنچ گئے، سسرالیوں نے ان کا پھولوں سے استقبال کیا جب کہ بہو نے انہیں وہاں سلام بھجوائے۔

نوجوان کے والد کے مطابق بیٹے نے منیلا پہنچنے اور وہاں اہلیہ اور سسرالیوں کو سندھ کی ثقافت اجرک کا تحفہ دینے کی تصاویر اور ویڈیوز بھجوائی ہیں اور کہا ہے کہ چند ماہ بعد وہ اہلیہ سمیت سندھ واپس آئیں گے۔

اوشاق علی شیخ زیادہ پڑھے لکھے نہیں ہیں، سوشل میڈیا ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز چلانے کے ساتھ ساتھ بنیادی انگریزی بول لیتے ہیں جب کہ ان کی اہلیہ منیلا میں چھوٹے بچوں کے اسکول میں پڑھاتی ہیں۔

اوشاق علی شیخ نے ارادا ظاہر کیا ہے کہ وہ چند ماہ بعد اہلیہ کو سندھ لے آئیں گے اور لاڑکانہ کے نوجوان کی اہلیہ کے ہمراہ تصاویر وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں مبارک باد پیش کی گئی۔