نگران سندھ کابینا کا الوداعی اجلاس 20 فروری کو طلب

IMG-20240215-WA0001

سندھ کی نگران حکومت کا الوداعی کابینا اجلاس رواں ماہ 20 فروری کو طلب کرلیا گیا، جس میں ارکان الوداعی گفتگو کریں گے۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے صوبائی نگران کابینا کا اجلاس منگل 20 فروری کو طلب کر رکھا ہے۔

سندھ کابینا کا یہ اجلاس الوداعی ہوگا، ایجنڈے میں کوئی امور زیر بحث نہیں رکھے گئے۔

اجلاس کے اگلے روز یا چند دن بعد ممکنہ طور پر نگران حکومت گھر چلی جائے گی اور نئی منتخب حکومت اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔

سندھ میں نگران وزیر اعلیٰ نے 17 اگست 2023 کو حلف اٹھایا تھا جب کہ ان کی زیر صدارت نگران کابینا کا پہلا اجلاس 23 اگست کو منعقد ہوا تھا۔

یوں سندھ کی نگران کابینا 6 ماہ تک حکومت میں رہی اور نگران کابینا نے سندھ کی زمین فوج کی حمایت یافتہ کمپنی کو دینے سمیت دیگر متنازع فیصلے کیے جب کہ حکومت کے دوران سکرنڈ کے قصبے ماڑی جلبانی میں رینجرز آپریشن کے دوران دیہاتی بھی مارے گئے تھے، جس پر نگران حکومت نے مقتولین کے ورثا سے معافی بھی مانگی تھی۔