سندھ میں موٹر سائیکل ایمبولینس سروس متعارف

سندھ حکومت نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی معاونت سے صوبے میں پہلی بار موٹر سائیکل ایمبولینس سروس متعارف کرادی۔

عالمی ادارہ صحت نے سندھ حکومت کے سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز یعنی ریسکیو1122 کو بائیک ایمبولینس دے دیں، جن کی مدد سے طبی رضاکار انتہائی کم وقت میں مریض تک پہنچ کر انہیں طبی امداد فراہم کریں گے۔

موٹرسائیکل ایمبولینس سے ٹریفک جام اور شہر کی تنگ گلیوں میں حادثات کی صورت میں ابتدائی طبی امداد کی بروقت ادائیگی یقینی ہوجائے گی۔

عالمی ادارہ صحت نے ریسکیو 1122 کو ابتدائی طور پر 25 موٹر سائیکل ایمبولینس فراہم کی ہیں، جن میں آگ بجھانے کے آلات ، منی میڈیسن کٹ، ایمرجنسی بیگ، آکسیجن ماسک، پلس اکسیمیٹر ، گلوکومیٹر ، آکسیجن سلنڈر کی، نیزل کنولا، پولینیک ہارڈ کالر، اسٹیتھو اسکوپ، سی پی آر ماسک، نیبولائزر، ڈریسنگ کٹ کی سہولت موجود ہے۔

موٹرسائیکل ایمبولینس مریض تک 5 سے 8 منٹ میں پہنچ کر علاج کرسکیں گی یا مریض کو فوری ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد قریبی ایمبولینس تک پہنچا دیں گی۔

ایمرجنسی کی صورت میں مریض کو نہ صرف فرسٹ ایڈ دی جائے گی بلکہ لائف سیونگ میڈیسن ، سی بی آر آلات سے موقع پر علاج کیا جائے گا۔