انتخابات میں مبینہ دھاندلی، پیر پگارا کی سربراہی میں حیدرآباد موٹروے پر دھرنا

عام انتخابات کے دوران سندھ میں مبینہ دھاندلی کے خلاف گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے جامشورو شاہراہ پر بڑا دھرنا دے دیا، جس کے باعث موٹروے کی دونوں طرف ٹریفک معطل ہوگئی۔

جی ڈی اے کی جانب سے انتخابی دھاندلیوں کیخلاف جامشورو انٹرچینج کے مقام دھرنا دیا گیا، جہاں پیر پگارا سمیت دیگر جی ڈے اے رہنماؤں نے خطاب بھی کیا۔

دھرنے میں شرکت کے لیے سندھ بھر سے حُر فورس اورفنکشنل لیگ کے کارکن بڑی تعداد میں پہنچے اور دھرنے کا آغاز آج صبح 11 بجے ہوا۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پیرپگارا نے دعویٰ کیا کہ الیکشن سے ڈھائی مہینے پہلے نتیجہ بن چکا تھا اور پیمنٹ ہو چکی تھی، ہمیں ڈھائی ماہ پہلے ہی پتہ چل چکا تھا پیمنٹ کہاں کہاں ہوئی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ جو فوج وفاق کو سنبھالے اس سے اختلاف کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصلے کرنے والوں کو سوچنا ہوگا کہ اب ان کے ساتھ کوئی قومی سطح کا لیڈر نہیں۔

پیر پگارا کا کہنا تھا کہ اس الیکشن میں جو خرید و فروخت ہوئی اس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس نہیں لیا۔

انھوں نے کہا کہ ڈھائی کروڑ نوجوان ووٹروں کے سیلاب کو نہ روکا جائے۔

پیر پگارا نے کہا کہ میری نظر میں بانی پی ٹی آئی چور نہیں ہیں، اگر بانی پی ٹی آئی چور ہیں تو ہم سب چور ہیں۔