سید مراد علی شاہ مسلسل تیسری بار وزیر اعلیٰ سندھ منتخب

IMG-20240226-WA0000

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سید مراد علی شاہ مسلسل تیسری بار وزیر اعلیٰ سندھ بن گئے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں قائد ایوان کا انتخاب ہوا۔

سندھ اسمبلی میں سید مراد علی شاہ کا مقابلہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کےعلی خورشیدی سے تھا۔

پیپلزپارٹی کے امیدوار مراد علی شاہ 112 ووٹ حاصل کرکے وزیراعلیٰ سندھ منتخب ہوئے جب کہ ایم کیو ایم کے علی خورشیدی نے 36 ووٹ حاصل کیے۔

مراد علی شاہ سندھ کے 25 ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے ہیں، وہ مسلسل تیسری بار اس منصب فائز ہوئے ہیں۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ 2018 کے بعد آج ایک بار پھر وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہوا، آج مجھے بے نظیر بھٹو شہید کی بہت یاد آرہی ہے، میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، بے نظیر نے 2002 میں الیکشن لڑنے کے لیے راضی کیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن جیت کر پانچویں بار سندھ اسمبلی کا رکن بنا ہوں، میرے اہلخانہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا، ایک وقت وہ بھی تھا جب کسی بھی وقت میری گرفتاری کا خطرہ تھا، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر گرفتار کیا تو مراد علی شاہ جیل سے وزیر اعلیٰ بنے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ فریال تالپور کو عید کے دن جیل لے جایا گیا، آصف زرداری جیل میں رہے، آغا سراج درانی جیل سے آکر اسمبلی چلاتے تھے۔
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن بےنظیر نے 2002 میں الیکشن لڑنے کے لیے راضی کیا۔