شہدادپور میں بیٹی کے پولیس اہلکار بننے پر ماں کے رقص کی ویڈیو وائرل

ضلع سانگھڑ کے شہر شہدادپور کے پولیس ٹریننگ سینٹر میں تربیت مکمل کرکے بیٹی کے پولیس کانسٹیبل بننے پر ماں کی جانب سے کیے گئے رقص کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

شہداد پور پولیس ٹریننگ سینٹر پر 24 فروری کو پریڈ آئوٹ کی تقریب ہوئی، جس میں مہمان خاص ایڈیشنل آئی جی مظفر شیخ تھے۔

پولیس پریڈ آئوٹ کے دوران 276 لڑکیوں نے تربیت مکمل کی، جنہیں اسناد دے کر پولیس کانسٹیبل کا درجہ دے دیا گیا، مذکورہ تمام لڑکیوں کو سندھ کے مختلف شہروں میں ڈیوٹیوں کے لیے بھیجا جائے گا۔

شہداد پور سینٹر پر بیٹیوں کی تربیت مکمل ہونے پر والدین نے بھی شرکت کی اور بیٹیوں نے اپنے والدین کو اپنی اسناد پیش کیں۔

اس دوران متعدد لیڈی پولیس کانسٹیبلز کی جانب سے اپنے والدین کو پھولوں کے ہار پہنانے سمیت والدین کے ساتھ گلے ملنے اور جذباتی ہونے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوگئیں جب کہ ایک عمر رسیدہ ماں کی جانب سے بیٹی کی پولیس اہلکار بننے پر رقص کرنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی، جس پر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔