انتھونی نوید سندھ اسمبلی کے پہلے مسیحی ڈپٹی اسپیکر منتخب

عام انتخابات 2024 کے بعد بننے والی سندھ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگیا اور سندھ کی تاریخ میں پہلی بار ایک مسیحی رکن اسمبلی کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کرلیا گیا۔

اسپیکر آغا سراج درانی کی زیرِ صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کیا گیا۔

147 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 9 آزاد ارکان اور جماعت اسلامی کے 1 رکن نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا اور انتخاب کا بائیکاٹ کردیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سید اویس شاہ اسپیکر منتخب ہوگئے، اویس شاہ کو 111 اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی امیدوار صوفیہ سعید کو 36 ووٹ ملے۔

اسی طرح پیپلز پارٹی کے ہی انتھونی نوید 111 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوئے۔

انتھونی نوید سندھ اسمبلی کے پہلے مسیحی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے ہیں، صوبائی دارالحکومت کراچی سے تعلق رکھنےوالے نوید انتھونی دوسری مرتبہ رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے ہیں، وہ سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کےچیئرمین بھی رہے۔

خیال رہے کہ 114 ارکان کے ساتھ پیپلز پارٹی سندھ کی سب سے بڑی اور 36 نشستوں کے ساتھ ایم کیو ایم پاکستان دوسری بڑی جماعت ہے۔ جی ڈی اے کے 3، جماعتِ اسلامی 1 اور آزاد ارکان کی تعداد 9 ہے۔