محکمہ جنگلی حیات سندھ کا صوبے میں چڑیا شماری کا آغاز

محکمہ جنگلی حیات سندھ نے چڑیا شماری کی انوکھی مہم شروع کردی، جس کے تحت ابتدائی طور پر دارالحکومت کراچی میں چڑیوں کی گنتی کی جائے گی۔
محکمہ جنگلی حیات سندھ نے چڑیا کے مشاہدے اور گنتی 17 مارچ سے شروع کی جو 20 مارچ تک جاری رہے گی، کراچی میں چڑیوں کی تعداد کے نتائج 20 مارچ کو عالمی یوم چڑیا کے موقع پر کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق کراچی میں ملیر، گڈاپ، بحریہ ٹاون، اسٹیل ٹاؤن، ہل پارک، کڈنی ہل سمیت دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں چڑیاں بیشمار تعداد میں پائی جاتی ہیں جب کہ یہ صوبے کی دیہہ علاقوں میں شیروں سے زیادہ پائی جاتی ہیں۔
چڑیا ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہ ماحول اور کسان دوست پرندہ ہے اور یہ فصلوں اور پودوں کے لیے نقصان دہ کیڑوں کے پھیلاؤ کو قابو میں رکھتی ہیں۔
سندھ کے پرندوں کے حوالے سے ڈبلیو ڈبلیو ایف کے انڈس فار آل پروگرام کے تحت ایک تحقیق کی گئی تھی۔ اس پروگرام سے وابستہ ناصر پنہور کا کہنا ہے کہ سندھ میں پرندوں کی 400 انواع پائی جاتی ہیں جنھیں چار کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں شکاری پرندے، گانے والے پرندے، آبی پرندے اور دیگر انواع شامل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر پرندوں کی کراچی میں موجودگی ریکارڈ پر ہے۔
پرندوں کے بارے میں اعداد و شمار جمع کرنے والے بین الاقوامی ادارے ایوی بیس کے مطابق کراچی میں پرندوں کی 357 انواع پائی جاتی ہیں اور ان میں سے کم از کم 18 انواع کو بقا کا خطرہ لاحق ہے۔
اگر چہ سندھ چڑیاں اچھی خاصی تعداد میں پائی جاتی ہیں لیکن اس باوجود ان کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
نہ صرف سندھ بلکہ عالمی سطح پر بھی چڑیوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے، چند سال قبل ہونے والی تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں چڑیوں کی تعداد میں 80 فیصد تک کمی آئی ہے۔
اس بات میں کافی حد تک صداقت لگتی بھی ہے، جس کااندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ پہلے صبح کے وقت کہیں نہ کہیں گھر کی چھت یا قریبی درختوں سے چڑیوں کی آوازیں آجایا کرتی تھیں، مگر اب ایسا خال خال ہی ہوتا ہے بلکہ کبھی کبھار تو چڑیا ڈھونڈنے کے لیے کافی کوشش کرنا پڑتی ہے۔
سال 2021 میں کی گئی ایک تحقیق سے معلوم ہوا تھا کہ دنیا میں پرندوں کی کل آبادی پچاس ارب کے قریب ہے۔ چڑیا جو ہر شہر، ہر گاؤں، ہر گلی اور ہر گھر میں چہچہاتی نظر آتی ہیں صرف ان کی آبادی کی تعداد ایک اعشاریہ چھ ارب تھی۔
دنیا میں موجود پرندوں کی درست تعداد معلوم کرنا انتہائی پیچدہ عمل ہے اور اس کا کوئی حتمی جواب موجود نہیں ہے۔
ماضی میں لگائے اندازوں کے مطابق دو سو سے چار سو ارب پرندے دنیا میں موجود ہیں اور ان کی دس ہزار سے تیرہ ہزار مختلف نسلیں یا اقسام ہیں۔