سندھ کی 12 سینیٹ نشستوں کے لیے 32 اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع

پارلیمینٹ کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کے آئندہ ماہ 2 اپریل کو ہونے والے انتخابات کے لیے سندھ بھر کے 32 اُمیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے، سندھ اسمبلی کا ایوان 12 سینیٹر منتخب کرے گا۔

انتخابات کیلئےنئے چہروں سمیت 32 امیدوار میدان میں ہیں۔ سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کی اکثریت کی وجہ سے زیادہ تر سینیٹرز پی پی کے کامیاب ہونگے۔

سندھ کی12نشستوں پر امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، سینیٹ کی جنرل نشستوں پر پیپلز پارٹی کے اشرف علی جتوئی، سید مسرور احسن، سید کاظم علی شاہ، ندیم احمد بھٹو، احمد نایاب، دوست علی جیسر امیدوار ہیں۔

جنرل نشست پر ہی ایم کیو ایم کے محمد ابوبکر، رؤف صدیقی، شبیرقائم خانی،عامرچشتی، ہمایوں سلطان امیدوار ہیں، سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بطور آزاد امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرائے جب کہ نجیب ہارون، عبدالوہاب، علی طاہر، راجہ جاکھرانی شہباز ظہیر، نگہت مرزا بھی امیدوار ہیں۔

ٹیکنوکریٹ کی دو نشستوں کیلئے 5 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے، ٹیکنو کریٹ کی نشستوں پر پیپلزپارٹی کے بیرسٹرضمیر گھمرو، سرمدعلی، کریم احمد خواجہ امیدوار ہیں۔

ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لیے پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں میں منظور بھٹہ اور عبدالوہاب نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔

خواتین کی 2 مخصوص نشستوں پر 6امیدواروں نے حصہ لیا، پیپلزپارٹی کی قرۃ العین، روبینہ خائم خانی، مسرت نظیرنیازی امیدوار ہیں۔

ایم کیوایم کی یاسمین دادابائی، سبینہ پروین اور آزاد امیدوارمہ جبین ریاض امیدوار ہیں۔

اقلیتوں کی سینیٹ کی ایک نشست پر پیپلزپارٹی کے پونجو مل بھیل، سریندار داس، آزاد امیدوار بھگوان داس ہیں۔

کاغذات کی جانچ پڑتال 19 مارچ کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 21مارچ تک دائر کی جا سکیں گی۔ شیڈول کے مطابق پولنگ آئندہ ماہ کی دوتاریخ کو صبح نو سے شام چار بجے تک ہوگی۔

ملک بھر میں سینیٹ کی48نشستوں پر انتخابات کیلئےنئے چہروں سمیت 140امیدوار میدان میں ہیں۔

سندھ کی 12نشست کیلئے 32، پنجاب کی 12نشست کیلئے 28، خیبرپختونخوا کی11نشست کیلئے 42اور بلوچستان کی11نشست کیلئے38امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔