ہدایت لوہار کے قاتل گرفتار نہ ہونے پر دیے گئے احتجاجی دھرنے پر پولیس کا لاٹھی چارج

سندھ کے شمالی ضلع لاڑکانہ میں قومپرست رہنما اور استاد ہدایت لوہار کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیے جانے پر دیے گئے احتجاجی دھرنے پر پولیس نے لاٹھی چارج کرکے خواتین و بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

ہدایت لوہار کو چند ہفتے قبل نصیر آباد کے قریب نامعلوم ملزمان نے قتل کردیا تھا۔

مقتول ہدایت لوہار کے قاتل گرفتار نہ ہونے پر ان کی بیٹیوں سورٹھ اور سسئی لوہار کی سرپرستی میں لاڑکانہ میں احتجاجی دھرنا دیا گیا۔

احتجاجی دھرنے میں سندھ بھر سے سیاسی، سماجی رہنماؤں، صحافیوں اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مظاہرین نے ہدایت لوہار کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

پولیس نے مظاہرہ کرنے والے افراد کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی دائر کیا جب کہ مقتول ہدایت لوہار کی بیٹیوں سورٹھ اور سسئی لوہار سمیت دیگر خواتین و بزرگ افراد کو گرفتار بھی کیا، جنہیں بعد ازاں ضمانت پر رہا کیا گیا۔ 

مظاہرین کی جانب سے نعرے بازی کرنے پر پولیس نے لاٹھی چارج شروع کردیا، جس سے خواتین سمیت بزرگ افراد شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کی جانب سے پر امن مظاہرین پر لاٹھی چارج کیے جانے پر سوشل میڈیا صارفین نے اظہار برہمی کرتے ہوئے پولیس چیف اور وزیر اعلی سندھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔