سندھ حکومت کا صوبے کے ہر ضلع میں 500 بسیں چلانے کا بڑا دعویٰ

سندھ حکومت نے صوبے کے ہر ضلع میں 500 نئی بسیں چلانے کا بڑا دعویٰ کرتے ہوئے صوبے میں ٹرانسپورٹ کا نیا جال بچھانے کا اعلان کردیا۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق شہریوں کو سفری سہولیات دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، سندھ کے ہر ضلع میں 500 بسیں چلائی جائیں گی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اور ایکسائز شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت مزید بسیں بھی منگوا رہی ہے۔ ماہ رمضان کے فوری بعد نئی بس سروس شروع کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ای وی بسوں کے 2 روٹس مزید شروع کیے جائیں گے۔ میر پور خاص میں بس سروس شروع کرنے جارہے ہیں ۔ کراچی میں مزید پنک بسیں بھی چلائی جائیں گی جب کہ اپریل کے فوری بعد میر پور خاص کا روٹ شروع ہوگا۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ جدید سفری سہولیات سے روزانہ ایک لاکھ 7 ہزار مسافر سفر کررہے ہیں ۔ جدید ٹرانسپورٹ میں 18 اپریل سے ایک ہی کارڈ شروع کررہے ہیں جو تمام بسوں میں قابل استعمال ہوگا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عید کے فوری بعد جام صادق برج کی گراؤنڈ بریکنگ بھی کرنے جارہے ہیں ۔ صوبے کے ہر ضلع میں 500 بسیں چلائی جائیں گی۔ سندھ کے تمام ڈویژنز کے بعد تمام اضلاع میں جائیں گے۔