موئن جو دڑو میں سورج آگ برساتا رہا، درجہ حرارت 53 تک جا پہنچا

سندھ کے بیشتر علاقے مسلسل پچھلے کئی دنوں سے شدید گرمی کی لہر کے زیر اثر ہیں، اتوار کے روز بھی صوبے بھر میں دن بھر سورج آگ برساتا رہا۔
سندھ بھر میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے، لوگوں کیلئےدن کے وقت گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہو چکا ہے، اوپر سے لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار 26 مئی کے روز موئن جو دڑو کا درجہ حرارت بڑھ کر 53 تک جا پہنچا جب کہ جیکب آباد 52، دادو 51، خیرپور، لاڑکانہ، پڈعیدن، سکھر، سبی، روہڑی کا درجہ حرارت 50 تک جا پہنچا۔
علاوہ ازیں شہید بینظیر آباد 49، حیدرآباد 43 گریڈ تک جا پہنچا۔
سندھ کے تمام علاقوں میں گزشتہ کئی دن سے شدید گرمی کا راج ہے، سورج آگ برسا رہا ہے اور اوپر سے لوڈ شیڈنگ کے عذاب نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔
سندھ میں شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ہیضے سمیت پیٹ کی دیگر بیماریاں پھیلنے لگیں جب کہ ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی بڑھنے لگی ہے۔